صوبہ سندھ میں کرونا وائرس کے مزید دو کیسز سامنے آ گئے

Last Updated On 15 March,2020 10:51 am

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان میں کرونا وائرس کے دو مزید کیسز آ گئے، جس کے بعد ملک بھر میں مہلک بیماری کے مریضوں کی تعداد 30 ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز تفتان میں کرونا وائرس کے سات مریض سامنے آئے تھے جس کے بعد ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 28 ہوگئی تھی۔ وزارت صحت ریگولیشن اتھارٹی نے بھی تصدیق کر دی تھی۔

محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ آج ایک اور کرونا وائرس کا مریض سامنے آیا ہے، 38 سالہ شخص میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے، متاثرہ شخص نے سعودی عرب سے کراچی کا سفر کیا تھا۔

دوسری طرف وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہ کیا گیا کہ آج کرونا وائرس کے 2 کیسز ظاہر ہوئے، جو نیا مریض سامنے آیا ہے اسکی سفری ہسٹری نہیں، مریض کے والد یورپ سے آئے ہیں، گاہی وزیراعلیٰ سندھ نے والد کا سیمپل لینے کی بھی ہدایت کردی۔

مزید برآں پمز ہسپتال میں کرونا وائرس کی مریضہ صحتیاب ہو گئی ہے، 48 سالہ خاتون کی کرونا وائرس رپورٹ منفی آئی تھی۔

ترجمان پمز کے مطابق پمز میں زیر علاج مریضہ کے ہفتے میں دو بار ٹیسٹ کیے گئے، مریضہ کے دونوں کرونا ٹیسٹوں کی رپورٹس نارمل آئیں، کرونا سے صحتیاب ہونے والی مریضہ کا تعلق گلگت سے ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پمز خاتون کو 28 فروری کو راولپنڈی سے پمز منتقل کیا گیا تھا، صحتیاب ہونے والی مریضہ کو مزید تین دن زیر علاج رکھا جائے گا، زیر علاج رکھنے کا فیصلہ ڈاکٹرز کی جانب سے تسلی بخش حالت کے کیے کیا گیا، 3 دن بعد مکمل بحالی کی صورت میں ہی خاتون کو ڈسچارج کیا جائے گا۔

دریں اثناء وزارت صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ تین افراد مکمل صحتیاب ہو چکے ہیں اور انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیاہے۔ ملک بھر سے اب تک کرونا وائرس کے شبے میں کل 609 تشخیصی نمونے حاصل کیے گئے۔

سندھ میں کرونا وائرس کے 17، بلوچستان میں 6 جبکہ اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں تین، تین کیسز رپورٹ ہوئے۔ وزارت صحت نے واضح کیا کہ پاکستان میں کرونا وائر س سے ابھی تک کسی مریض کی موت واقع نہیں ہوئی۔

دوسری طرف ترجمان پمز ہسپتال کے مطابق اس وقت ہسپتال میں کرونا کے پانچ مشتبہ مریض آئسولیشن وارڈ میں زیرعلاج ہیں۔ تین مریضوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ دو روز قبل امریکا سے آنے والی کرونا سے متاثرہ ایک مریضہ کی حالت تشویشناک ہے۔

کرونا وائرس ہونے کی صورت میں سہولیات مندرجہ ذیل ہسپتالوں میں دے دی گئی ہے، ہسپتالوں کے نمبرز نیچے درج ہیں جہاں پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: حفاظتی اقدامات کے ثمرات آنے لگے، کرونا کے 28 مریضوں میں سے 3 صحتیاب

کرونا وائرس ہونے کی صورت میں سہولیات مندرجہ ذیل ہسپتالوں میں دے دی گئی ہے، ہسپتالوں کے نمبرز نیچے درج ہیں جہاں پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

 

واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔

 

26 فروری کو ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مجموعی طور پر 2 کیسز کی تصدیق کی۔

29 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی، جس سے اس وقت تعداد 4 ہوگئی تھی۔ 3 مارچ کو معاون خصوصی نے کرونا کے پانچویں کیس کی تصدیق کی۔

6 مارچ کو کراچی میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، جس سے تعداد 6 ہوئی۔

8 مارچ کو شہر قائد میں ہی ایک اور کرونا وائرس کا کیس سامنے آیا۔

9 مارچ کو ملک میں ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ کرونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق کی گئی تھی۔

10 مارچ کو ملک میں کرونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے دو کا تعلق صوبہ سندھ اور ایک کا بلوچستان سے تھا، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 19 جبکہ سندھ میں تعداد 15 ہوگئی تھی۔

11 مارچ کو سکردو میں ایک 14 سالہ لڑکے میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد مجموعی تعداد 19 تک پہنچی تھی۔

12 مارچ کو گلگت بلتستان کے ضلع سکردو میں ہی ایک اور کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد ملک میں کرونا کے کیسز کی تعداد 20 تک جاپہنچی تھی۔

13 مارچ کو اسلام آباد سے کراچی آنے والے 52 سالہ شخص میں کرونا کی تصدیق کے بعد تعداد 21 ہوئی تھی، بعدازاں اسی روز ڈاکٹر ظفر مرزا نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران تفتان میں مزید 7 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی تھی اور کہا تھا کہ پاکستان میں مجموعی طور پر کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 28 ہوگئی۔

14 مارچ کو صوبہ سندھ میں دو کیسز سامنے آئے جس کے بعد ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 30 ہو گئی ہے۔