اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 730ہوگئی، سندھ میں 396، پنجاب میں 137، بلوچستان میں 104، خیبر پختونخوا میں 27، گلگت بلتستان میں 30، اسلام آباد میں 10 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس سامنے آیا۔ پاکستان میں اب تک 3 اموات جبکہ 5 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے 137 کیسز ہیں، ڈی جی خان میں سب سے زیادہ 106 کرونا کے مریض ہیں، لاہور 20، گوجرانوالا 4 اور جہلم میں2، راولپنڈی اور ملتان میں کرونا کا ایک، ایک مریض ہے۔
پنجاب کے اندر کورونا وائرس کے کنفرم 137 کیسز ہیں جن میں سے 106 ڈی جی خان قرنطینہ، لاہور میں 20 گجرانوالہ میں 4 راولپنڈی میں 1ملتان میں 1 اور جہلم میں 2 کیسز ہیں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار۔@UsmanAKBuzdar
— Government of Punjab (@GOPunjabPK) March 21, 2020
1/2#CoronaVirusPakistan pic.twitter.com/nZR9zDzKEK
سندھ
محکمہ صحت سندھ کےمطابق سندھ میں 144 مزید افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی، ابتک تفتان سے سکھر آنے والے 559 زائرین کے ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 166 زائرین میں کرونا کی تصدیق اور 242 کے ٹیسٹ منفی آئے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ میں کرونا وائرس سے 396 افراد متاثر ہوئے، 3 صحتیاب جبکہ ایک شخص نے دم توڑا، کرونا وائرس کے 353 مریض زیر علاج ہیں، کراچی میں اب تک 101 کرونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
بلوچستان
بلوچستان ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 104 ہوگئی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ صوبے میں کورونا کے مزید 11 کیسز سامنے آئے ہیں،ایمرجنسی بنیادوں پر ایسولیشن رومز بنارہے ہیں۔
بلوچستان میں جزوی لاک ڈاؤن
بلوچستان حکومت نے صوبے بھر میں 21 دن تک جزوی لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیاہے۔ محکمہ داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کوئٹہ میں تمام بڑے شاپنگ مال، مارکیٹس 3 ہفتوں کے لئے بند رہیں گی، اس کے علاوہ تمام ریسٹورنٹس 3 ہفتوں تک صرف گھروں کیلئے کھانے پینے کی اشیاء فراہم کرسکیں گے۔
نوٹیفکشن کے مطابق بین الصوبائی اور انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ بھی 3 ہفتوں کے لئے بند رہے گی، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے زیادہ سے زیادہ احتیاط برتیں اور کوشیش کریں کہ اپنے گھروں میں رہیں۔
اسلام آباد، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر
اسلام آباد میں کرونا وائرس سے 10 افراد متاثر ہوئے، گلگت بلتستان میں 30 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوئے جبکہ آزاد کشمیر میں ایک شخص میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
نادرا اور پاسپورٹ دفاتر بند
کورونا وائرس کے پیش نظر عوام کی حفاظت کیلئے لاہور میں نادرا اور پاسپورٹ دفاتر پندرہ روز کیلئے بند کر دئیے گئے۔ عوام کو آن لائن شناختی کارڈ کی سہولت سے استفادہ کا کہا گیا ہے۔ پاسپورٹ اور شناختی کارڈز کے حصول کیلئے فنگر پرنٹس بہت ضروری ہیں۔ جس سے کورونا کے بڑھنے کا خدشہ تھا۔
34 ٹرینیں بند
وزارت ریلوے نے کورونا وائرس کے خدشہ کے پیش نظر مزید 22 ٹرینیں 25 مارچ سے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ مجموعی طور پر 34 ٹرینوں کو بند کر دیا ہے۔
شیخ رشید احمد نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 2 لاکھ مسافروں کی تعداد کم ہو کر ایک لاکھ ساٹھ ہزار تک پہنچ گئی ہے، بارہ سے پندرہ ٹرینیں فریٹ کی چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مسافر منزل مقصود پر جانے کے لئے بند ہونے والی ٹرینوں کے بجائے کسی بھی ٹرین سے واپس جا سکتے ہیں یا ٹکٹیں ری فنڈ کروا سکتے ہیں۔
بند ہونے والی ٹرینوں میں لاہور کراچی کے مابین چلنے والی جناح ایکسپریس، راولپنڈی کراچی کے مابین چلنے والی سر سید ایکسپریس، کوئٹہ کراچی کے مابین چلنے والی بولان میل، کوٹری روہڑی کے مابین چلنے والی موئن جودڑو، راولپنڈی ملتان کے مابین چلنے والی تھل ایکسپریس، میرپور خاص کھوکھروپار کے مابین چلنے والی ماروی ایکسپریس، لاہور ملتان کے مابین چلنے والی موسیٰ پاک، سرگودھا لالہ موسیٰ کے مابین چلنے والی چناب ایکسپریس، ملتان، فیصل آباد کے مابین چلنے والی فیصل آباد ایکسپریس، حیدرآباد بدین کے مابین چلنے والی سمن سرکار اور لاہور فیصل آباد کے مابین چلنے والی فیصل ایکسپریس شامل ہیں۔
زائرین کا قافلہ ملتان پہنچ گیا
تفتان سے آنیوالا زائرین کا قافلہ قرنطینہ سنٹر ملتان پہنچ گیا، 33 بسوں پر مشتمل قافلے میں 1270 زائرین شامل ہیں، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر منور عباس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تمام زائرین کی ہیلتھ سکریننگ مکمل کر لی گئی ہے، ہیلتھ سکریننگ میں کورونا وائرس میں مبتلا کوئی مشتبہ زائر سامنے نہیں آیا جبکہ ہیضہ میں مبتلا ایک عمر رسیدہ خاتون کو نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا، خاتون کو کھانسی ہے لیکن باڈی ٹمپریچر نارمل ہے۔
فیملی کورٹس میں بچوں سے ملاقاتوں پر پابندی
کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر فیملی کورٹس میں بچوں سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی گئی، والدین سے بچوں کی ملاقاتوں کا کمرہ بھی تاحکم ثانی بند کر دیا گیا۔
کوروانا وائرس کے خدشات کے پیش نظر سینئرسول جج لاہور شکیب عمران کا احسن اقدام، فیملی کورٹ میں والدین کی بچوں سے ملاقاتوں پر پابندی لگا دی گئی، سینئر سول جج لاہور نے عدالتی عملے کو حکم دیا ہے کہ بچوں کے وزٹنگ روم کو بند کیا جائے اور ملاقاتوں کا کمرہ بھی تا حکم ثانی بند رہے گا۔
سینئر سول جج نے ہدایت کی کہ بچوں کی ملاقاتوں کا شیڈول بعد میں دوبارہ جاری کر دیا جائے گا، والدین بچوں کو گھروں میں محفوظ رکھیں اور خود بھی احتیاطی تدابیر اپنائیں۔
آرمی چیف کے پاک فوج کو احکامات
آرمی چیف نے پاک فوج کو سول انتظامیہ کی امداد تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا انفرادی طور پر کرونا سے بچاؤ درحقیقت اجتماعی حفاظت کی بنیاد ہے، ہر انفرادی حفاظتی قدم اہمیت کا حامل ہے، پہلے انفرادی طور پر ایک ذمہ دار شہری بننا ہے۔
قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کوئی بھی خطرہ ایک ذمہ دار اور پر عزم قوم کو شکست نہیں دے سکتا، ذمہ دار اور پرعزم قوم کی حیثیت سے چین نے ایسا کر دکھایا ہے، پاک فوج قومی کوشش کا حصہ ہوتے ہوئے اس ذمہ داری کو ادا کرے گی، ہم کرونا وائرس سے قوم کی حفاظت کے عمل کو مقدس فریضہ کے طور پر انجام دینگے۔
سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا انفرادی نظم و ضبط اور باہمی تعاون تمام اداروں کی کوششوں کو یکجا کرے گا، اس سے ہی قومی کامیابی ممکن ہے۔ واضح رہے کہ آرمی چیف نے احکامات گزشتہ روز وزیر اعظم سے ملاقات اور کوآرڈی نیشن کمیٹی اجلاس میں شرکت کے بعد جاری کیے ہیں۔
فردوس عاشق کی عوام سے اپیل
فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ عوام کرونا وائرس پر قابو پانے کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں، چیلنج سے نبرد آزما ہونے کیلئے عوام کو مثالی نظم و ضبط کا مظاہرہ کرنا ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا عوام نے عزم و ہمت، استقامت اور یکسوئی سے اس عفریت کا مقابلہ کرنا ہے، عوام ہجوم والی جگہوں پر نہ جائیں، ہوٹلز میں بیٹھنے کے بجائے ٹیک اوے کو ترجیح دیں، کرونا پر قابو پانے کیلئے ورلڈ بینک پاکستان کو 238 ملین ڈالر دے گا، اے ڈی بی پاکستان کو 350 ملین ڈالر کی امداد فراہم کرے گا۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا قوم کی صحت کا تحفظ وزیراعظم کی اولین ترجیح ہے، کسی قسم کی کوتاہی یا لاپرواہی ہوئی ہے اور نہ ہی برداشت کی جائے گی، وزیر اعظم ذاتی طور پر ساری صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔