لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وبا کے باعث پنجاب حکومت کو اٹھارہ سو ارب روپے تک نقصان اور تیس سے چالیس لاکھ ملازمتیں فوری ختم ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ غربت میں زندگی گزارنے والی آبادی 33 فیصد تک پہنچ جائے گی۔
یہ رپورٹ محکمہ ترقیاتی ومنصوبہ بندی نے تیار کرکے وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کردی ہے، اس میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس سے پنجاب کی معیشت کو تاریخی نقصان کا اندیشہ ہے۔ جی ڈی پی گروتھ 9 فیصد تک کم ہو جائے گی۔
ذرائع کے مطابق پی اینڈ ڈی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر کورونا پر بروقت قابو نہ پایا گیا تو مزید 40 لاکھ تک لاکھوں ملازمتیں متاثر ہوں گی۔ پنجاب میں خط غربت میں زندگی گزارنے والی 23 فیصد آبادی بڑھ کر 33 فیصد تک ہو جائے گی جبکہ 19 فیصد متوسط طبقہ بھی غربت کی لکیر تک پہنچ جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی گئی رپورٹ میں 6 کھرب سے 18 کھرب تک نقصان کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔