لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آ گیا جبکہ ان کے بیٹے اور بیٹی کا بھی ٹیسٹ مثبت آیا ہے، انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اعلان کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ میں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔
ٹویٹر پر انہوں نے مزید لکھا کہ میری پوری قوم سے درخواست ہے کہ وہ احتیاط کریں۔ سب سے دعا کی درخواست ہے۔
میرا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ میں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ میری پوری قوم سے درخواست ہے کہ وہ احتیاط کریں۔
— Asad Qaiser (@AsadQaiserPTI) April 30, 2020
دعا کی درخواست ہے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ مجھے دو، تین دن سے بخار کی علامات تھیں، طبعیت اب کافی بہتر ہے، آج پھرکورونا ٹیسٹ کرایا مثبت آیا، لوگوں سے کہوں گا احتیاط کریں، خوفزدہ نہیں ہونا، میں نے خود کوگھرمیں قرنطینہ کرلیا ہے، بیٹے اوربیٹی کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے، احتیاطی تدابیرپرعمل کریں گے، میرے ساتھ ہی بیٹے،بیٹی قرنطینہ میں ہے۔
اس سے قبل گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، انہوں نے خود اس بات کی تصدیق اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے تصدیقی بیان میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بتایا کہ ان کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اللہ کریم کی مدد سے میں انشاء اللہ اس کیخلاف جنگ کروں گا۔
I have just been tested Covid 19 positive, Allah Kareem inshallah will fight it out. @ImranKhanPTI thought us to fight out the most difficult in life and I believe this is nothing against what we r prepared for. May Allah give strength to fight this Pandemic inshallah.
— Imran Ismail (@ImranIsmailPTI) April 27, 2020
انہوں نے لکھا کہ وزیراعظم عمران خان نے ہمیں زندگی میں ہر طرح کے مشکل حالات سے لڑنا سکھایا، مجھے اس بات کا یقین ہے ہمیں جس کیلئے تیار کیا گیا ، یہ اس کے سامنے کچھ بھی نہیں ہے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ میری اللہ سے دعا ہے کہ وہ اس وبا سے لڑنے کی مجھے لڑنے کی طاقت عطا کرے گا، انشاء اللہ۔
دو روز قبل تھرپارکر سے اقلیتوں کی مخصوص نشست پر منتخب رکن سندھ اسمبلی رانا ہمیر سنگھ میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
اسی روز ایوان بالا (سینیٹ) کے آزاد سینیٹر مرزا محمد آفریدی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
سابق فاٹا سے تعلق رکھنے والے مرزا محمد خان آفریدی نے ایک بیان میں کہا کہ وہ گزشتہ ہفتے پشاور گئے تھے، جہاں انہوں نے مختلف علاقوں میں راشن بیگ تقسیم کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ کچھ دن پہلے انہیں بخار اور جسم میں درد محسوس ہوا اور پھر انہوں نے حفاظتی اقدامات کے طور پر اپنا ٹیسٹ کروایا، جس کا نتیجہ آج مثبت آگیا۔
سندھ سے جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالرشید 24 اپریل کو کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے۔ گزشتہ روز ان کے خاندان کے 8 افراد کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا تھا۔ سید عبدالرشید لیاری سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس-108 سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
رواں ماہ ہی متحدہ مجلس عمل کے رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات و دیہی ترقی کامران بنگش بھی کورونا کی وبا کا شکار ہوئے۔
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ملک کے وہ پہلے سیاستدان تھے جن میں 23 مارچ کو کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، تاہم انہوں نے چند روز میں ہی صحتیاب ہوکر اپنی ذمہ داریاں دوبارہ سنبھال لی تھیں۔