پنجاب میں اتوار سے یومیہ 6 ہزار ٹیسٹ کا آغاز ہو گا: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

Last Updated On 02 May,2020 05:04 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا کہ اتوار سے پنجاب میں یومیہ چھ ہزار ٹیسٹ کا آغاز کر رہے ہیں، کورونا کے پھیلاؤ کا جائزہ لینے کیلئے 6 اضلاع میں سمارٹ سیمپلنگ بھی شروع کر رہے ہیں، کاروبار کھولنے سے متعلق سفارشات وفاق کو بھجوا دیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان کی زیر صدارت کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے کابینہ کمیٹی کا ویڈیو لنک اجلاس ہوا، کورونا وباء کی روک تھام کیلئے کیے جانے والے حکومتی اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں متاثرہ مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کاجائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 6854 ہے۔ 2206مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ صوبے میں سمارٹ سیمپلنگ کا آغاز کردیا ہے۔ سمارٹ سیمپلنگ کے تحت اب تک 2144افراد کے نمونے لئے جا چکے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں 9ہزار سے زائد صنعتی یونٹس کو کام کرنے کی اجازت دی جا چکی ہے۔ مزید صنعتی یونٹس کو کام کرنے کی اجازت دیں گے۔ اس ضمن میں سفارشات تیار کر لی گئی ہیں۔