کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ٹڈی دل کے خطرے کے باعث فصلیں بچانے کے لیے وزیراعظم سے مدد کی اپیل کر دی ہے۔
تفصیل کے مطابق ٹدی دل کی تباہ کاریاں جاری ہیں۔ پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں فصلوں کو اس سے شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اس تناظر میں مراد علی شاہ نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے انھیں آگاہ کیا ہے کہ 15 مئی کے بعد ٹڈی دل فصلوں پر حملہ کر سکتی ہے۔ یقین دہانی کے باوجود کوئی تعاون نہیں کیا گیا، جلد سپرے نہ کیا گیا تو شدید نقصان ہوگا۔
ادھر سینیٹر سرفراز بگٹی نے بھی وزیراعظم اور وزیراعلیٰ جام کمال سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں ٹڈی دل کا حملہ کورونا سے زیادہ تباہ کن ہے۔ صوبے میں زراعت کا شعبہ داؤ پر لگ چکا اور بدترین غذائی بحران کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
دوسری جانب بھکر کی تحصیل منکیرہ میں ٹڈی دل نے دھاوا بولتے ہوئے چنے کی تیار فصل تباہ کر دی ہے۔ سرسبز درخت خزاں کا منظر پیش کرتے رہے۔ محکمہ زراعت کا زہریلا سپرے بھی اثر نہ دکھا سکا۔ کاشتکار نقصان ہونے پر شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں۔