سلیم ملک کو بھی کھیل میں واپسی کا موقع ملنا چاہیے، جاوید میانداد

Last Updated On 03 May,2020 06:07 pm

کراچی: (سپورٹس ڈیسک) سابق قومی کپتان جاوید میانداد نے سلیم ملک کو بھی کھیل میں واپسی کا موقع ملنے کی حمایت کرتے ہوئے حیرانگی ظاہر کی ہے کہ اب اتنے عرصے بعد یہ معاملہ کیوں اٹھایا جا رہا ہے؟

جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ سلیم ملک کا موقف اس اعتبار سے درست ہے کہ جب بدعنوانی کرکے اس کا اعتراف کرنے والے تمام افراد کھیل کے میدانوں میں واپس آگئے تو ان کو بھی موقع ملنا چاہیے لیکن اس حوالے سے مضبوط قانون کا ہونا ضروری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی سی بی وزیراعظم کے ماتحت ہے لہٰذا انہیں بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ سوشل میڈیا پر ایک گفتگو میں جاوید میانداد نے اس بات پر حیرانگی کا اظہار کیا کہ اتنا عرصہ گزر جانے کے بعد اب یہ معاملہ کیوں اٹھایا جا رہا ہے؟ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ جسٹس قیوم ملک کی تحقیقات کے دوران واحد وہ تھے جنہوں نے کوچنگ کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور گھر چلے گئے جس کے متعلق انہوں نے پی سی بی کو بھی آگاہ کر دیا تھا لیکن میڈیا میں اب یہ معاملہ دوبارہ اچھالا جا رہا ہے اور یوٹیوب چینلز آنے پر ایسے واقعات تواتر کے ساتھ سامنے آ رہے ہیں حالانکہ ماضی میں انصاف کیاجاتا تو آج یہ سب نہ دیکھنا پڑتا اور ویسے بھی ہر چیز کیلئے اصول ہونا چاہیے۔

جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ دراصل ملکی قوانین میں ایسے سقم موجود ہیں جن کی وجہ سے جرم کرنے والے بچ جاتے ہیں لہٰذا باقاعدہ قانون سازی کی جائے اور بلاوجہ گڑے مردے نہ اکھاڑے جائیں جس کیلئے وزیر اعظم عمران خان احتساب کے حوالے سے اپنا موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔