وزیرخارجہ نے الزام لگایا پیپلزپارٹی سندھ کی پارٹی بن گئی: مرتضیٰ وہاب

Last Updated On 12 May,2020 03:49 pm

کراچی: (دنیا نیوز) حکومت سندھ کے ترجمان مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے الزام لگایا پیپلزپارٹی سندھ کی پارٹی بن گئی، سندھ وفاق کی پارٹی ہے اور رہے گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو روز تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، پی ٹی آئی والے کبھی بھی حقائق پربات نہیں کرتے، وفاقی وزرا الزام لگاتے ہیں، بتاتے کچھ بھی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی مثال پیپلزپارٹی دورمیں آئی،این آئی سی وی ڈی 2011 میں سندھ حکومت کوملا، 18 ویں ترمیم کے بعد ادارہ امراض قلب کیلئے 11 ارب کابجٹ مختص کیا، این آئی سی وی ڈی سے 70 لاکھ 12 ہزار افراد کا مفت علاج ہوا، سندھ کے ہسپتالوں میں ملک بھر کے مریضوں کا علاج مفت ہوتا ہے۔

مرتضی وہاب نے تحریک انصاف پر برستے ہوئے کہا کہ ناقدین سے کبھی بھی اچھائی کی توقع نہیں رکھتے، پی ٹی آئی والے آتے ہیں بڑی بڑی باتیں کر کے چلے جاتے ہیں، جن لوگوں کا کام منفی پروپیگنڈا کرنا ہے انہیں یہ چیزیں نظر نہیں آئیں گی، تنقید کرنیوالوں کی آنکھوں پر پیپلزپارٹی کیخلاف تعصب کاچشمہ ہے، کہتے ہیں وزیرصحت سندھ نظر نہیں آتیں، ہمارے وزیر پریس کانفرنس نہیں کام کرتے ہیں۔