اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وزارت خزانہ نے وزیراعظم کو آئندہ مالی سال 2020-21 کے بجٹ میں وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کی تجویز بھجوائی ہے۔ وزارت خزانہ نے تنخواہوں میں 50 تا 100 فیصد تک اضافے کی تجویز مسترد کر دی۔
وزارت خزانہ نے وزیراعظم کو ارسال کردہ تجویز میں کہا ہے کہ کورونا وائرس اور ملکی معاشی صورت حال کے باعث آئندہ وفاقی بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد سے زیادہ اضافہ ممکن نہیں۔ تجویز میں کہا گہا ہے کہ گزشتہ 2 ایڈہاک الائونس بنیادی تنخواہوں میں ضم کر کے بنیادی پے سکیل پر نظر ثانی کی جائے اور تنخواہ میں 5 تا 10 فیصد اضافہ کیا جائے۔
دوسری صورت میں بنیادی تنخواہ پر 10 فیصد ایڈہاک الائونس دیا جائے۔ وزارت خزانہ نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھجوائی گئی گریڈ 1 تا 16 کے ملازمین کی تنخواہوں میں 100 فیصد اور گریڈ 17 تا 22 کے ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد یا گریڈ 1 تا 22 کے ملازمین کی تنخواہوں میں 50 فیصد اضافے کی تجویز ناقابل عمل قرار دیدی۔