کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے 17 جون کو صوبائی بجٹ پیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سندھ کہتے ہیں کہ بدھ کے روز کابینہ کا اجلاس بھی بلایا جائے گا۔
تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کے زیر صدارت پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں بدھ کے روز بجٹ تجاویز پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بجٹ تجاویز سے متعلق پارلیمانی پارٹی کو آگاہ کیا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بجٹ کی ترجیحات میں کورونا سے متعلق اقدامات اور واٹر اینڈ سینیٹیشن ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غربت کا خاتمہ اور سماجی بھلائی کے پروگرام بھی ترجیحات میں ہیں۔ کوشش ہوگی کہ اگلے سال کے اے ڈی پی میں جاری سکیمز مکمل کریں۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ نئے بجٹ میں ہیلتھ سیکٹر کو اہمیت دی جائے گی۔ کورونا وائرس کے باعث صورتحال اچھی نہیں، ہمارے ہاں کورونا کے باعث اموات بڑھ رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ روزانہ دو ہزار سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔ اجلاس میں وزیر صحت عذرا پیچوہو نے کورونا وائرس سے متعلق بریفنگ بھی دی۔