پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی قابل مذمت ہے، وزیراعظم عمران خان

Last Updated On 24 June,2020 08:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پارٹی ڈسپلن پر عمل کرنا تمام اراکین کی ذمہ داری ہے اور اس کی خلاف ورزی قابل مذمت ہے۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم کے زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ اس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پارٹی ڈسپلن پر عمل کرنا تمام اراکین کی ذمہ داری ہے اور اس کی خلاف ورزی قابل مذمت ہے۔

وزیراعظم نے کراچی طیارہ حادثے کی رپورٹ پبلک کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار ہوائی حادثات کی رپورٹس پبلک کی جا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چینی اور گندم بحران کی رپورٹ بھی موجودہ حکومت نے پبلک کی۔ پارٹی رہنماؤں نے وزیراعظم کے فیصلوں اور قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

اس سے قبل وزیراعظم نے فیصل وواڈا، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر سے بھی ملاقات کی اور انہیں اتحاد کے ساتھ پارٹی وژن کے مطابق کام کرنے کی ہدایت کی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزرا سے گزشتہ روز کابینہ اجلاس کے دوران گرما گرمی اور فواد چودھری کے انٹرویو پر گفتگو کی جبکہ اسدعمر اور شاہ محمود قریشی نے وزیر اعظم کو اپنے موقف سے آگاہ کیا۔ اسد عمر، فواد چودھری اور عثمان ڈار کی بھی ملاقات ہوئی جس میں فواد چودھری نے اپنے انٹرویو سے متعلق وضاحت کی۔

دنیا نیوز کے مطابق دونوں وزرا نے گلے شکوے ختم کرنے پر اتفاق کیا۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں سب متحد ہیں، غلط فہمیاں دور ہو گئی ہیں اور ہم نے مل کر پارٹی کیلئے کام کرنا ہے۔

اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ انہوں نے کبھی جہانگیر ترین کے بارے میں کچھ نہیں کہا، میں نہیں مانتا کہ مجھے جہانگیر ترین نے نکلوایا، جو فیصلے ہوئے وہ وزیراعظم نے خود کیے۔
 

Advertisement