اسلام آباد: (دنیا نیوز) ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران وفاقی وزرا کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات کو ختم کرانے کے لئے متحرک ہو گئے ہیں۔
دنیا نیوز ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی اس سلسلے میں وفاقی وزرا سے الگ الگ ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں فیصل واوڈا، شاہ محمود قریشی اور اسد عمر شامل ہیں۔
ملاقات میں وفاقی کابینہ اجلاس کے دوران بدنظمی اور گرما گرمی پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اسدعمر اور شاہ محمود قریشی نے اپنے اپنے موقف سے وزیراعظم کو آگاہ کیا اور وضاحت پیش کی۔
دوسری جانب خبریں ہیں کہ اسد عمر اور فواد چودھری کے درمیان بھی اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں گزشتہ کابینہ اجلاس میں ہونے والی بحث پر گفتگو کی گئی۔
ذرائع کے مطابق معاون خصوصی عثمان ڈار بھی ملاقات میں شریک تھے۔ فواد چودھری نے اس ملاقات میں اسد عمر کو اپنے انٹرویو سے متعلق وضاحت پیش کی۔
دونوں وزرا نے اپنے درمیان گلے شکوے ختم کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام اور وزیراعظم کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کی کارگردگی پر بھی بات چیت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: فواد چودھری کا انٹرویو، وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو متنازع بیانات سے روک دیا
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کی جانب سے تمام کابینہ اراکین کو ہدایت جاری کی گئی تھی کہ آئندہ کوئی متنازع بیان نہ دیا جائے۔ فواد چودھری نے اجلاس میں بیان سے متعلق وضاحت دی کہ میرا بیان سیاق وسباق سے ہٹ کر چلایا گیا، میں نے ماضی میں ہونے والی صورتحال پر بات کی۔
تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس فواد چودھری کے گزشتہ روز بیان کا ذکر کیا گیا۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے فواد چودھری کے بیان کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھا دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے کابینہ اراکین کو گفتگو میں احتیاط اور اتحاد قائم رکھنے کی ہدایت کی۔ کابینہ اجلاس میں بعض وزرا اور مشیروں کی کارکردگی پر بھی گرما گرم بحث ہوئی۔
وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے اسد عمر، عبدالرزاق داؤد اور ندیم بابر کی پالیسیوں پر کھل کر تنقید کی اور کہا کہ کابینہ کے اندر سے لوگ سازشیں کر رہے ہیں۔ یہاں گیم ہو رہی ہے، ہم خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کابینہ میں کچھ کہا جاتا ہے اور باہر کچھ اور کہتے ہیں۔ لوگ سمجھ رہے ہیں کہ ہم وزیراعظم بن چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے فیصل واوڈا کو جذباتی دیکھ کر کہا کہ ‘’فیصل ریلیکس رہو’’، ہم پی ٹی آئی کا نظریہ دبنے نہیں دے سکتے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ کابینہ میں کچھ بتایا جاتا ہے، کاغذوں میں فیصلے کچھ اور طرح کے ہوتے ہیں۔ وزیراعظم کے سامنے سیدھی بات بتائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں: ترین، اسد عمر اور شاہ محمود کے جھگڑے نے پارٹی کو نقصان پہنچایا: فواد چودھری
واضح رہے کہ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا تھا کہ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین کی لڑائی سے پارٹی کمزور ہوئی، دونوں میں سیاسی بات نہ بننے سے سیاسی قیادت آؤٹ ہوگئی، سیاسی لوگوں کی جگہ بیوروکریٹس نے لے لی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اسد عمر کو جہانگیر ترین نے وزارت خزانہ سے فارغ کرایا، اسد عمر دوبارہ آئے تو جہانگیر ترین کو فارغ کرا دیا۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ شاہ محمود قریشی اور جہانگیر ترین میں ملاقاتیں ہوئیں لیکن بات بنی نہیں، ہر پارٹی میں گروپنگ ہوتی ہے لیکن جس شاخ پر بیٹھتے ہیں اسے کاٹا نہیں جاتا۔ وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے صوبائی حکومتوں کی لیڈر شپ کمزور لوگوں کو دی جو ہر بات پر ڈکٹیشن لیتی ہے۔