کراچی کے شہریوں کیلئے بری خبر، کےالیکٹرک کی بجلی مہنگی کرنیکی منظوری

Last Updated On 03 July,2020 06:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کے الیکٹرک صارفین کے لیے بجلی 2 روپے 89 پیسے تک مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ احساس پروگرام کے تحت 37 لاکھ مستحقین کو 29 ارب 72 کروڑ روپے دئیے جائیں گے۔

تفصیل کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کے جاری اعلامیے کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی کے ٹیرف میں 1 روپے 9 پیسے سے 2 روپے 89 پیسے تک اضافہ کیا جائے گا۔

ای سی سی نے سردیوں میں سوئی ناردرن گیس کمپنی کی طرف سے گھریلو صارفین کو 74 ارب روپے مالیت کی درآمدی ایل این جی کی فراہمی پر غور کیا۔

سوئی ناردرن نے بتایا کہ 91 فیصد گھریلو صارفین 121 روپے ماہانہ بل ادا کرتے ہیں۔ ای سی سی نے اوگرا کو معاملہ کا حل تلاش کرنے کی ہدایت کر دی۔

ای سی سی نے نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی کے لیے 4 ارب 59 کروڑ روپے اور ربیع کے سیزن میں یوریا کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے ایل این جی کے اضافی استعمال کے لیے 96 کروڑ روپے کی منظوری دے دی۔
 

 

Advertisement