اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے عالمی ادارہ صحت سے کہا ہے کہ تمام ملکوں کے لئے سفری قواعد وضوابط وضع کئے جائیں۔
یہ بات وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے اپنے ایک ٹویٹ میں بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے عالمی ادارہ صحت سے کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ترقی پذیر ملکوں سے بین الاقوامی سفری معاملات میں امتیازی سلوک روا نہ رکھا جائے۔
اسد عمر نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا میں کمی آنے کے مثبت رجحان کا اعتراف کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان سمیت بین الاقوامی برادری کی مدد کرنے پر عالمی ادارہ صحت کے کردار کو سراہتے ہیں ۔ ہیلتھ کیئر کی سہولیات کی فراہمی کے لئے سائنسی بنیادوں پر اعداد و شمار پر مبنی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔۔ عالمی ادارہ صحت پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک کے لئے سفری پابندیوں کے خاتمے میں کردار ادا کرے
The PM @ImranKhanPTI had a call with DG of WHO @DrTedros. DG recognized the positive trend in disease curtailment in Pak. PM asked WHO to develop travel guidelines to be adopted by all countries to ensure that low income countries are not discriminated against in global travel.
— Asad Umar (@Asad_Umar) July 6, 2020
ادھر وزیراعظم عمران خان کی عالمی ادارہ صحت کے ڈی جی ڈاکٹر ٹیڈروس سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بات چیت ہوئی ہے۔ ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا کہ حکومت پاکستان کورونا سے نمٹنے کے لئے اقدامات قابل ستائش ہیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ معمولات زندگی اور حفاظتی اقدامات کے درمیان توازن کی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ وبا کے پھیلاؤ میں کمی آ رہی ہے۔ ترقی یافتہ ممالک کی سفری پابندیوں کی ترقی پذیر ممالک کے معیشت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک کے لئے سفری پابندیوں کے خاتمے میں کردار ادا کرے۔ اعدادوشمار کی بنیاد پر بلا امتیاز سفری قوائد مرتب کئے جائیں۔
عالمی ادارہ صحت کے ڈی جی ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت کورونا کی وجہ سے سفر سے متعلق گائیڈ لائنز پر کام کر رہا ہے۔