لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمت میں بالترتیب 100 روپے اور 85 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 1 امریکی ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد فی اونس سونے کی نئی قیمت ایک ہزار 776 امریکی کرنسی ہو گئی ہے۔
عالمی سطح پر سونا مہنگا ہونے کے بعد ملکی صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، راولپنڈی، فیصل آباد ، گوجرانوالہ سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 1 لاکھ 4 ہزار 900 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
اُدھر فی تولہ سونے کی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 85 روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد دس گرام سونے کی نئی قیمت 89 ہزار 935 روپے ہو گئی ہے۔
تاہم چاندی کی قیمتوں میں استحکام رہا جس کے بعد چاندی کی قیمت 1 ہزار 50 روپے کی سطح پر برقرار ہے۔