انتہائی نگہداشت کے یونٹوں کی تعمیر کا کام جاری ہے: چیئرمین این ڈی ایم اے

Last Updated On 15 July,2020 06:32 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ناگہانی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف شہروں کے ہسپتالوں میں انتہائی نگہداشت کے یونٹوں کی تعمیر کا کام جاری ہے۔

آج لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ ایک ہزار چار سو 35 بستر کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے مختص کئے گئے ہیں جبکہ ڈاکٹروں اور معاون طبی عملے کو میڈیکل کٹس فراہم کی جا رہی ہیں۔ ہسپتالوں میں ہنگامی بنیادوں پر آکسیجن بیڈز لگائے جا رہے ہیں۔ کورونا کے خلاف ڈاکٹرز کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

تفصیل کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور ہسپتالوں کا دورہ کیا اور کورونا وائرس کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا مشاہدہ کیا۔ بریگیڈیئر عاصم سلیمان اور کرنل کامران عزیز بھی اس موقع پر موجود رہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تمام سہولیات بروئے کار لا رہی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان بھر میں آکسیجن بیڈز کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ رواں سال اڑھائی ہزار آکسیجن بیڈز لگانے کا ہدف ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے ہیلتھ پروفیشنلز کی بہادری، جرات اور عظمت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ طبی عملہ مشکل کی اس گھڑی میں فرائض کی ادائیگی کر رہا ہے۔ کورونا کے خلاف ڈاکٹرز کے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کو یونیورسٹی کی خدمات اورہسپتالوں کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔
 

Advertisement