اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے پائلٹس کو جعلی لائسنس جاری کرنے کے معاملے پر افسران کیخلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے جعلی لائسنس ہولڈر پائلٹس کیخلاف کارروائی فوری مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔
سپریم کورٹ نے سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کی رپورٹس پر عدم اطمینان کا اظہار کر دیا۔ چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ سول ایوی ایشن کے کمپیوٹر محفوظ نہیں، بھیانک جرم کرنے اور کرانے والے آرام سے تنخواہیں لے رہے ہیں۔ ڈی جی سول ایوی ایشن نے کہا سول ایوی ایشن میں اصلاحات لا رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا سول ایوی ایشن چلانا آپ کے بس کی بات نہیں۔
چیف جسٹس گلزار احمد نے کہا ایک وقت تھا ہالی ووڈ اداکار پی آئی اے میں سفر کرنا اعزاز سمجھتے تھے، آج حالت دیکھیں پی آئی اے کہاں کھڑا ہے، پی آئی اے میں بھرتیوں پر پابندی عائد کریں گے۔ عدالت نے 2 ہفتے میں کارروائی پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔