گلگت: گلیشیئر سے بننے والی جھیل کے ٹوٹنے سے سیلاب کا خدشہ

Published On 15 August,2020 09:49 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) گلگت بلتستان میں گلیشیئر سے بننے والی جھیل کے ٹوٹنے سے متعدد علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات پاکستان نے گلگت بلتستان میں گلیشیر سے بننے والی جھیل کے ٹوٹنے سے سیلاب (گلوف) کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ 17 اگست بروز پیر تک گلگت بلتستان میں درجہ حرارت بڑھنے کا امکان ہے جس کے باعث برف پگھلنے کی رفتار بھی تیز ہو جائے گی، پیر کو اس علاقے میں بارش کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت بڑھنے اور اس کے ساتھ بارش کے باعث برف پگھلنے اور گلیشئیر سے بننے والی جھیل کے ٹوٹنے کے امکانات بھی زیادہ ہیں جس سے گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں بشمول گلگت، ہنزہ، گانچھے، بگروٹ وغیرہ میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے ممکنہ نقصانات سے بچنے کے لیے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سمیت تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔