اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کووڈ-19 کے تناظر میں تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے کے پیش نظر سفارتی چیلنجوں کو سمجھنے کے لئے تھنک ٹینکس کا کردار ناگزیر ہے۔
انہوں نے یہ بات پیر کے روز انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز کے محققین کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جو ان کے زیر صدارت وزارت خارجہ میں منعقد ہوا۔
سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، سپیشل سیکرٹری معظم احمد خان اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ دوران اجلاس خطے میں روابط کے فروغ، کووڈ 19 کے بعد بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے اور سفارتی محاذ پر درپیش چیلنجز زیر بحث آئے۔ ڈائریکٹر جنرل (آئی ایس ایس آئی) ایمبیسڈر (ر) اعزاز چودھری نے وژن 2020ء- 2023ء کے حوالے سے وزیر خارجہ کو مفصل بریفنگ دی۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 کے بعد تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی منظر نامے کو سامنے رکھتے ہوئے سفارتی چیلنجز کے ادراک کیلئے تھنک ٹینکس کا کردار انتہائی ناگزیر ہے۔ انسٹیٹوٹ آف اسٹریٹیجک سٹڈیز کے پاس بہترین محققین موجود ہیں جن سے استفادہ حاصل کر کے سفارتی سطح پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔ ہمارے تھنک ٹینکس کو آسیان، سارک اور دیگر علاقائی فورمز پر موجود تھنک ٹینکس کے ساتھ روابط کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹیجک سٹڈیز اسلام آباد کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے، تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے اپنی اور وزارت خارجہ کی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
بعد ازاں سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر افتخار ملک اور سارک چیمبر کے نائب صدر سینیٹر حاجی غلام علی اور زبیر احمد ملک ایگزیکٹو ممبر سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔
اس موقع پر سارک ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا صدر منتخب ہونے پر افتخار ملک کو مبارکباد دی۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ سارک ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینا ہماری اولین ترجیح ہے۔ سارک ممالک کے موثر کاروباری حضرات کو قریب لانے اور بزنس پارٹنرشپس کو فروغ دینے میں سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ بدقسمتی سے سارک رکن ممالک کی باہمی تجارت کا حجم انتہائی کم ہے جیسے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ سارک ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کے فروغ سے، خطے میں غربت و افلاس کی شرح کم کرنے اور لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
دریں اثناء پاکستان میں تعینات سری لنکا کے ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر) موہن وجے وکرما کی وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔
دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیر خارجہ نے ہائی کمشنر کا منصب سنبھالنے پر سری لنکن سفیر کو مبارکباد دی۔
مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ توقع ہے کہ آپ کی تعیناتی سے دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ دونوں ممالک نے ہمیشہ ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
وزیر خارجہ نے سری لنکا میں حالیہ الیکشن کے نتیجے میں وزیر اعظم مہیندا راجہ پکاسا اور ان کی پارٹی کی نمایاں کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، سارک کو خطے میں اقتصادی ترقی کے فروغ کیلئے ایک اہم پلیٹ فارم سمجھتا ہے اور اسے خطے میں امن و استحکام کیلئے مزید فعال دیکھنے کا متمنی ہے۔ وزیر خارجہ نے سری لنکن ہائی کمشنر کو گذشتہ سال دسمبر میں ہونیوالے اپنے دورہ سری لنکا اور سری لنکن قیادت کے ساتھ ہونیوالی ملاقاتوں سے بھی آگاہ کیا
وزیر خارجہ نے پاکستان اور سری لنکا کے مابین اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔ سری لنکن ہائی کمشنر نے وزیر خارجہ کی جانب سے نیک خواہشات کے اظہار پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں سری لنکا کا ساتھ دیا ہے۔
پاکستان میں تعینات قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن الثانی نے بھی وزارت خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کےاُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے قطر کے سفیر کو پاکستان میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پرمبارکباد دی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور قطر کے مابین گہرے، دیرینہ، برادرانہ تعلقات ہیں۔ توقع ہے کہ آپ کی تعیناتی سے پاک قطر تعلقات مزید مستحکم ہونگے اور خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے حصول کیلئے دو طرفہ تعاون میں اضافہ ہو گا۔
قطری سفیر نے امیر قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حماد الثانی اور قطری قیادت کی جانب سے پاکستان کی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔