توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری حکومت کی اولین ترجیح ہے، عمر ایوب

Published On 01 September,2020 08:56 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) توانائی کے وزیر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کا مقصد ملک کی اقتصادی ترقی کو مستحکم کرنا ہے۔

انہوں نے سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے منگل کے روز اسلام آباد میں باتیں کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پاکستان کی ترقی اور اقتصادی ترقی کے لئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کار دوست پالیسیاں متعارف کرائی ہیں۔

انہوں نے سعودی سفیر کو بتایا کہ ملک میں نئی قابل تجدید توانائی پالیسی اور تلاش اور پیداوار کی بحالی سے ملک میں بڑی سرمایہ کاری کی توقع ہے۔
انہوں نے د ونوں ملکوں کے درمیان پٹرولیم اور توانائی کے جاری منصوبوں کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا۔

سعودی سفیر نے توانائی کے شعبے میں پاک سعودی منصوبوں کی خصوصی نگرانی پر وزیر توانائی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ سعودی عرب دونوں اسلامی ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔