ملتان: (اے پی پی) وزیراعظم پاکستان احساس پروگرام برائے انڈر گریجویٹ کے تحت ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے منعقدہ تقریب میں جامعہ کے 281 طلبہ میں دو کروڑ 64 لاکھ 39 ہزار روپے کے سکالرشپ تقسیم کئے۔
اس پروگرام کے تحت زرعی جامعہ کے انڈر گریجویٹ پروگرام کے ہر سمسٹر میں سے منتخب طلبہ کی مکمل فیس ادا کی جائے گی اور ان میں سے نمایاں کو وظیفے بھی دیئے جائیں گے۔
اس سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خظاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی وائس چانسلر ایم این ایس زرعی یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر آصف علی کا کہنا تھا کہ اس سکالر شپ کی وجہ سے مستحق طلبہ کو اپنی تعلیم جاری رکھنے میں کوئی مشکل پیش نہیں آئیگی اور وہ بخوبی اپنی تعلیم کو جاری رکھ سکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کے جانب سے شروع کئے گئے احساس پروگرام کے ذریعے مستحق لوگوں کو مدد مل رہی ہے۔ یہ پیسے لوگوں کے ٹیکس سے وصول کر کے مستحق طلبہ کو دیئے جا رہے ہیں تو طلبہ کو بھی چاہیے کہ وہ اچھی کارکردگی کے ساتھ معاشرے میں اپنا مقام پیدا کریں۔