لاہور: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں بارشوں سے نقصانات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ریلیف کا جامع پلان مرتب کرنے سمیت فوری اقدامات کا مطالبہ کر دیا۔
کراچی سے واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا کہنا تھا کہ شدید بارشوں کے دوران وفاقی و صوبائی حکومتوں کی لاپرواہی قابل مذمت ہے، عوام کے مصائب کو فوری حل کیا جائے، گھر، فصلوں اور دیگر نقصانات پر مناسب مالی مدد بھی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بھی بارش نے بہت تباہی مچائی، شہر کے عوام سے اظہار یکجہتی وہاں پہنچا، بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا، نارتھ ناظم آباد بھی جانا ہوا۔
شہباز شریف گزشتہ روز ایک روزہ دورے پر کراچی گئے تھے، ان کے ہمراہ احسن اقبال اور مریم اورنگزیب بھی کراچی پہنچے تھے۔ شہباز شریف نے کراچی میں پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی اور طوفانی بارشوں کا شکار ہونے والے اہلیان کراچی سے اظہار یکجہتی بھی کیا تھا۔