اسلام آباد: (دنیا نیوز) لائن آف کنٹرول پر بھارتی افواج کی جانب سے اشتعال انگیزی جاری ہے، پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے سینئر سفارتکار کو دفترخارجہ طلب کر کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ بھارتی فوج نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کے رکھ چکری سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارتی افواج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری شدید زخمی ہوا۔ رواں برس بھارتی فوج 2 ہزار 158 بار سیز فائر کی خلاف ورزیاں کر چکی ہے جس کے نتیجے میں 17 پاکستانی شہری شہید اور 168 زخمی ہوئے۔ بھارتی فوج کی سرحدی خلاف ورزیاں مقبوضہ کشمیر میں سنگین انسانی حقوق کی پامالی سے عالمی برادری کی توجہ نہیں ہٹا سکتیں۔
گزشتہ روز کی بھارتی اشتعال انگیزی پر سینئر سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور دہلی حکومت کو پیغام دیا گیا کہ بھارتی کارروائیاں خطے کے امن کیلئے سنگین خطرہ ہیں، اقوام متحدہ کے ملڑی آبزرور گروپ کو کنٹرول لائن پر کام نہ کرنے کے بھارتی حکومت کے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل پر پاکستانی موقف کو بھی دہرایا گیا۔
بھارتی سفارتکار کے ذریعے دہلی حکومت کو یاد دلایا گیا کہ 2003 کے جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے،نہتے شہریوں کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنانا عالمی قوانین کے منافی ہے۔