کلبھوشن یادیو کیس: وکیل کے تقرر کیلئے پاکستان کا بھارت سے دوبارہ رابطہ

Published On 07 September,2020 05:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کلبھوشن یادیو کیس میں وکیل کے تقرر کیلئے پاکستان نے بھارت سے دوبارہ رابطہ کیا ہے، دفترخارجہ نے بھارتی ہائی کمیشن کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکمنامے کی کاپی کے ساتھ نیا نوٹ وربیل بھجوا دیا جبکہ جلد وکیل مقرر کرنے کی پیشکش بھی کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت کو دہشت گرد کلبھوشن یادیو کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے سے آگاہ کردیا،بھارتی ہائی کمیشن کوعدالتی فیصلے کی کاپی بھی ارسال کردی گئی ہے۔

عدالت نے بھارت کو کلبھوشن یادیو کیلئے وکیل مقرر کرنے کا آخری موقع دے رکھا ہے، دوران سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا تھا کہ یہ آئینی عدالت ہے فیئر ٹرائل مدنظر رکھتے ہوئے بھارت کو موقع دیتے ہیں۔

اٹارنی جنرل خالد جاوید نے کہا تھا کہ بھارت عدالتی کارروائی میں شامل نہیں ہوتا تو یہ الگ صورتحال ہو گی، بھارت نے کچھ دستاویزات کیلئے جونیئر وکیل مقرر کیا، اگر بھارت دستاویزات لینا چاہتا ہے تو قانون کو فالو کرے۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاس اب بھی آپشن ہے وہ کونسلر رسائی لینا چاہتا ہے تو لے سکتا ہے، پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل کرنے کے لیے تیار ہے لیکن بھارت نظرثانی کے معاملے پر رکاوٹ بن رہا ہے۔

یاد رہے وزارت قانون نے اسلام آبادہائی کورٹ میں کلبھوشن کا قانونی نمائندہ مقرر کرنے کی درخواست دائر کی تھی، درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت اس حوالے سے حکم صادر کرے تاکہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے مطابق پاکستان کی ذمہ داری پوری ہو سکے۔

حکومت کی عدالت میں دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ بھارتی جاسوس نے سزا کے خلاف درخواست دائر کرنے سے انکار کیا، وہ بھارت کی معاونت کے بغیر پاکستان میں وکیل مقرر نہیں کرسکتا، بھارت بھی آرڈینینس کے تحت سہولت حاصل کرنے سے گریزاں ہے۔

خیال رہے فوجی عدالت نے کلبھوشن کوجاسوسی کے الزام میں سزائےموت سنارکھی ہے ، 17 جولائی 2019 کو عالمی عدالت انصاف نے پاکستان کو فیصلے پر نظرثانی اور کلبھوشن یادیوکوقونصلررسائی کا حکم دیا تھا۔