اسلام آباد: (دنیا نیوز) پمز ہسپتال کی نرس نے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا ہے تاہم ڈاکٹر اقبال خان دُرانی نے الزامات کی تردید کی ہے۔
خاتون نرس کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ خاتون نرس نے الزام عائد کیا ہے کہ ڈاکٹر کی جانب سے ہراساں کیا گیا اور گھر پر حملہ بھی کروایا گیا۔
تاہم ڈاکٹر نے ضمانت قبل از گرفتاری کراتے ہوئے خاتون کیخلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ ادھر پمز انتظامیہ کی جانب سے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے اپنے اوپر عائد الزام کی تردید کرتے ہوئے بیان میں کہا ہے کہ خاتون نرس کی جانب سے مالی بے ضابطگیاں پکڑے جانے کے ڈر سے یہ ڈرامہ رچایا گیا۔
اقبال دُرانی نے کہا کہ خاتون نرس نے یکم ستمبر کو پی ڈبلیو ڈی کیساتھ انتظامیہ کی ملاقات میں دخل اندازی کی۔ اس کے ساتھ 12 افراد کی موجودگی میں ملاقات ہوئی جس کے گواہان موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نرس کی جانب سے کوئی ثبوت موجود نہیں لیکن ہمارے پاس کیمروں کی ریکارڈنگ موجود ہے۔ خاتون کے ساتھ اکیلے میں کبھی ملاقات نہیں ہوئی، الزامات بے بنیاد ہیں۔