محکمہ ہاؤسنگ کے زیراہتمام ”پانی کی بچت کا ہفتہ“ کا آغاز

Published On 05 October,2020 11:24 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدارکی ہدایات پر محکمہ ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ کے زیراہتمام ”پانی کی بچت کا ہفتہ“کا آغاز ہو گیا ہے۔ وزیرہاؤسنگ میاں محمودالرشید نے ”پانی کی بچت کا ہفتہ“ کا افتتاح کیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ ندیم محبوب اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

میاں محمود الرشید نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ کرہ ارض پر موجود کل پانی کا صرف 2.5فیصد صاف پانی ہے اور یہ ہفتہ بچت منانے کا مقصد پانی کے ضیاع کی روک تھام اور آبی وسائل کا تحفظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی کی لیکیج ہر سال لاکھوں گیلن پانی کے ضیاع کا سبب بنتی ہے جس سے لاکھوں لوگ پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم رہ جاتے ہیں۔ گھریلو نل کی چھوٹی سی لیکیج بھی پانی کے بڑے ضیاع کا باعث بنتی ہے۔ لیک ہوتانل آپ کے دانت برش ہونے تک کئی گیلن پانی ضائع کرتا ہے۔گھر میں پانی کا ایک لیک نل روزانہ 100گیلن تک پانی کے ضیاع کا باعث بن سکتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے کی تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسیز اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹیز کو بھی اپنے دفاتر میں پانی کی بچت کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

میاں محمود الرشید نے بتایا کہ قبل ازیں واسا لاہور کے زیراہتمام لارنس روڈ پر پاکستان کا سب سے بڑا انڈرگراؤنڈ واٹر ٹینک کا منصوبہ کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے جو 14لاکھ گیلن پانی سٹور کر سکتا ہے۔ اسی طرح لاہور میں 111 کارسروس سٹیشنز پر واٹر ری سائیکل پلانٹس لگائے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ شہر کی 50 مساجد میں وضو کے استعمال شدہ پانی کو پارکوں میں آبپاشی کے مقاصد کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانی قدرت کی ایک بیش بہا نعمت ہے لیکن اس کے بیدردی سے استعمال سے آبی وسائل مسلسل کم ہو رہے ہیں جو ایک تشویشناک امر ہے۔ پانی کی بچت کی اس مہم کا دائرہ محکمہ ہاؤسنگ سے بڑھا کر پنجاب کے دیگر محکموں تک پھیلا یا جائے گا۔ پانی کی اس بچت میں عوام کی شمولیت ازحد ضروری ہے۔ عوام الناس بھی پانی کی زیادہ سے زیادہ بچت کر کے اپنا کردار ادا کریں۔
 

Advertisement