ملکی معیشت کے مثبت اعشاریے اپوزیشن کیلئے پریشان کن ہیں، وزیراعظم عمران خان

Published On 11 November,2020 10:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعطم عمران خان نے کہا ہے کہ عوام اپوزیشن جماعتوں کے عزائم جان چکی ہے۔ اپوزیشن ذاتی مفاد کی خاطر ملک دشمنوں کی زبان بول رہی ہے، ہر محاذ پر ان کا مقابلہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن کے بیانیے، ملکی معیشت اور گلگت بلتستان الیکشن سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایات جاری کیں کہ ترجمان قومی بیانیے پر فرنٹ فٹ پر آکر کھیلیں۔ عوام اپوزیشن جماعتوں کے عزائم جان چکی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اپوزیشن کا سرکس لگا ہوا ہے۔ مختلف سروے رپورٹس کے مطابق گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کو واضح برتری حاصل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے قومی سلامتی کے امور پر بھی سیاست کی۔ اپوزیشن ذاتی مفاد کی خاطر ملک دشمنوں کی زبان بول رہی ہے، ہر محاذ پر ان کا مقابلہ کریں گے۔

عمران خان نے کہا کہ مہنگائی سے متعلق صوبائی حکومتیں ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہیں۔ آئندہ چند دنوں میں آٹے اور چینی کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔ ملکی معیشت کے مثبت اعشاریے اپوزیشن کے لیے پریشان کن ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سے پاکستان میں چین کے نئے سفیر نونگ رونگ نے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان اور چین کے بنیادی قومی مفاد کے معاملات پر باہمی تعاون کا اعادہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے چینی سفیر کو مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہر آزمائش پر پورا اترنے والی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری قائم ہے۔

انہوں نے سی پیک کو ایک انقلابی منصوبہ قرار دیتے ہوئے پاکستان کی جانب سے سی پیک منصوبوں کی بروقت تکمیل کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے خصوصی اقتصادی زونز، صنعتوں کی منتقلی اور زراعت کے شعبہ کی پیداوار بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

چینی سفیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ چین سی پیک منصوبوں کی جلد تکمیل اور پاکستان میں انڈسٹریلائزیشن اور زراعت کے شعبہ میں مکمل تعاون فراہم کرے گا۔

 

Advertisement