شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور سلمان شہباز کو پیش ہونے کا آخری موقع

Published On 12 November,2020 11:38 am

لاہور: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور سلمان شہباز کو پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا۔ شہباز شریف خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا گیا۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے 3 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ تفتیشی افسر کے مطابق نصرت شہباز کے اشتہارات آویزاں کر دیئے گئے، شہباز شریف، حمزہ شہباز سمیت 10 ملزمان پر فرد جرم عائد کی جاتی ہے، تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ شہباز شریف، حمزہ کے وکیل نے ریفرنس پڑھنے کیلئے 15 روز کی مہلت مانگی ہے۔ عدالت شہباز شریف، حمزہ کے وکیل کی استدعا منظور کرتی ہے۔ عدالت نے شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران، داماد ہارون یوسف کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔