گلگت بلتستان میں حکمرانی کون کرے گا؟ فیصلہ کل، انتظامات مکمل

Published On 14 November,2020 07:36 pm

گلگت: (دنیا نیوز) گلگت بلتستان میں حکمرانی کون کرے گا، فیصلہ کل ہوگا، پولنگ کے انتظامات مکمل ہو گئے ہیں، 7 لاکھ 45 ہزار 361 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے، دس ہزار پولیس اہلکار اور پیراملٹری فورسز سکیورٹی کے فرائض سنبھالیں گی، تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ نون میں زور کا جوڑ پڑنے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں انتخابی دنگل ، بگل بجنے کو تیار ہے، انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، چوبیس میں سے تئیس حلقوں میں ووٹنگ صبح آٹھ سے شام پانچ بجے تک ہوگی، ایک حلقے میں امیداوار کے انتقال کے باعث انتخاب23نومبر کوہوگا۔

جی بی انتخابات کیلئےایک ہزار ایک سو ساٹھ پولنگ اسٹیشنزقائم کیے گئے ہیں، تین سو گیارہ حساس اور چارسو اٹھائیس انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ سکیورٹی کے انتظامات بھی فائنل کرلئے گئے۔ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور مقامی پولیس کے دس ہزار اہلکارڈیوٹی پرتعینات ہونگے، پیراملٹری فورسزبھی فرائض انجام دیں گی۔

7 لاکھ 45 ہزار 361 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے، جن میں چار لاکھ پانچ ہزار تین سو پچاس مرداور تین لاکھ انتالیس ہزار نوسو بانوے خواتین شامل ہیں، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، پیپلزپارٹی (پی پی) اور مسلم لیگ ن میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ ووٹرز بھی اپنی اپنی پارٹی کی جیت کیلئے سرگرم ہیں۔۔

سیاسی جماعتوں نے گلگت بلتستان میں بھرپورانتخابی مہم چلائی، حکمران جماعت پی ٹی آئی، پی پی اور نواز لیگ نے جلسے، ریلیوں اور کارنرمیٹنگز میں خوب جان ماری، امیدواروں نے بھی کامیابی کے دعوے کردیئے۔

چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ مثالی انتخابات کراکر تاریخ رقم کردینگے۔
 

Advertisement