اسلام آباد: (دنیا نیوز) میٹرو بس سروس کے ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر دھرنا دے دیا۔ احتجاج کے باعث جڑواں شہروں کی میٹرو بس سروس معطل ہوگی۔ ملازمین نے انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی بھی کی۔
تفصیل کے مطابق جڑواں شہروں میں چلنے والی میٹرو بس سروس بند ہو گئی ہے کیونکہ اس کے ملازمین نے تین ماہ کی تنخواہ نہ ملنے پر آئی جی پی سٹیشن پر احتجاجی دھرنا دے دیا ہے۔
ملازمین نے میٹرو بس کو زبردستی روک سروس معطل کر دی۔ میٹرو بس ملازمین کا کہنا تھا کہ تین ماہ سے تنخواہیں نہیں مل رہیں، جس سے نوبت فاقوں سے پہنچ چکی ہے، تنخواہوں کی ادائیگی تک دھرنا جاری رہے گا۔
میٹرو ملازمین کا کیہ دھرنا تقریباً سات گھنٹے تک جاری رہا جس سے راولپنڈی اسلام آباد میں سفر کرنے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے ملازمین سے مذاکرات کی کوشش کی گئی جو ناکام ہوگئی۔ تنخواہ نہ ملنے ملازمین میں ٹکٹنگ سٹاف شامل ہے۔ احتجاجی دھرنا کے دوران ملازمین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔