کراچی: (دنیا نیوز) سٹیل ملز کے برطرف ملازمین کراچی میں پانچویں روز بھی سراپا احتجاج ہیں۔ بن قاسم ریلوے ٹریک پر ملازمین کا دھرنا جاری ہے جس سے ٹرینوں کی آمدورفت بری طرح متاثر ہو گئی۔
تیزگام، کراچی ایکسپریس اور قراقرم کراچی نہیں پہنچ سکیں۔ کینٹ سٹیشن سے جانے والی نو سے زائد سے ریل گاڑیاں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ پنجاب دلہن لے جانے والے باراتی بھی رل گئے۔
رات گئے تک ملازمین کا دھرنا جاری رہا۔ ڈی سی ملیر سے مذاکرات بھی ناکام رہے۔ البتہ ڈی سی ملیر گھنور خان لغاری نے امید ظاہر کی کہ حکومت ملازمین کے جائز مطالبات کو تسلیم کرے گی۔
ملازمین کے واجبات کا فائنل سیٹملنٹ پر مبنی سرکلر بھی جاری کر دیا گیا لیکن ملازمین نے معاوضے کے بجائے نوکری پر بحالی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان کہتے ہیں کہ سٹیل ملز کی تباہی کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے۔ دوسری طرف سٹیل ملز ایکشن کمیٹی کے وفد نے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ملازمین کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔