لاہور: (دنیا نیوز) معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ جہاں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی ہو گی، وہاں قانون حرکت میں آئےگا۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ نے سکیورٹی کے نام پر جتھوں اور ملیشیا فورس کو قانون کے تابع لانے کا فیصلہ کر لیا ہے، جعلی استعفے پیش کرنے سے حکومتیں ٹس سے مس نہیں ہوتیں۔ پارلیمنٹ سے باہر بیٹھے افراد اقتدار کیلئے ایسے تڑپ رہے ہیں جیسے پانی کے بغیر مچھلی تڑپتی ہے، فضل الرحمان کو یقین ہو گیا ہےکہ لائف ٹائم پارلیمنٹ کا گیٹ انکے لئے بند ہو گیا ہے، یہ جتھے ان کا ذاتی سکیورٹی اسکواڈ ہے، سکیورٹی ایجنسیز کیساتھ ملتے جلتے یونیفارم پہنا کر جتھوں کو سڑکوں پر اگر کوئی لاتا ہے تو ریاست کا ڈنڈا ان کا استقبال کرےگا۔
انہوں نے کہا کہ شاہی خاندان نےاراکین اسمبلی کواپنےاقتدار کیلئےڈھال بنایا، اقتدار جانے پر اب ایم پی ایز اور ایم این ایز کو یاد کرتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے وعدہ کیا تھا ان کی چیخیں نکلواؤں گا اور لوٹی ہوئی کرپشن کی رقم واپس لاوں گا۔