اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہم میڈیا کے ساتھ کھڑے ہیں اور آزادی صحافت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آزادی اظہار کے بنیادی، آئینی اور جمہوری حق پر کامل یقین رکھتی ہے، مریم نواز کی میڈیا پر الزام تراشیاں، دھمکیاں ان کے اظہار رائے کی آزادی کے دعوؤں کے جھوٹ اور بہروپ ہونے کا ثبوت ہے، ان کو وہی میڈیا اچھا لگتا ہے، جو ان کے گیت گائے، ان کے دور حکومت میں قوم اخبار کا چند صفحات پر آنا ابھی نہیں بھولی۔
دوسری جانب معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کرپشن پہ کوئی سمجھوتہ نہیں، وزیراعظم کرپشن کے خاتمے کا مینڈیٹ لے کر آئے، عمران خان کا مشن کرپٹ عناصر کا خاتمہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ راجکماری کے چہرے سے شکست کے آثار چھلک رہے ہیں، اپوزیشن کا کرپٹ ٹولہ عوامی ہمدردی کیلئے صفائیاں پیش کر رہا ہے، اپوزیشن ممبران کرپٹ ٹولے کی سیاست چھوڑ کر عوام، ملکی مفاد کی بات کریں، عوام نے اپنے مسائل کے حل کیلئے ان کو اسمبلیوں میں بھیجا، اس ٹولے نے ہمیشہ ذاتی مفادات کی سیاست کی۔