اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ عوام نے واضح پیغام دے دیا کہ پی ڈی ایم ملک دشمن بیانیے کا ساتھ نہیں دیں گے، امید ہے اپوزیشن جلد استعفے دے گی، مریم نواز اور بلاول کو بلین ٹری منصوبے کے دورے کی دعوت دیتے ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آنے والی نسلوں کو محفوظ اور ترقی یافتہ ملک دینا وزیراعظم کا مشن ہے، عالمی ماحولیاتی کانفرنس میں وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کا نکتہ نظر بھرپور انداز میں پیش کیا، پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونیوالے ملکوں میں شامل ہے۔
ملک امین اسلم کا کہنا تھا پاکستان میں قدرتی پارکس کے منصوبے کو توسیع دے رہے ہیں، توانائی کے شعبے میں بھی متبادل توانائی کے ذرائع پر توجہ دے رہے ہیں، ساہیوال کی زرعی زمین میں کول پلانٹ لگانا سابق حکومت کا مجرمانہ فعل تھا، الیکٹرک وہیکل پالیسی جلد کابینہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش ہوگی۔