حیدر آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کیخلاف لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ میں ہر صورت اسلام آباد جائیں گے۔
حیدر آباد میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ غریب دشمن حکومت نے جینا حرام کر دیا ہے۔ یہ وہی عمران خان ہیں جنہوں نے ایک کروڑ نوکریاں، 50 لاکھ گھر بنانے اور قرض نہ لینے کا وعدہ کیا تھا۔ کہتے تھے آئی ایم ایف سے بھیک مانگنے سے پہلے خود کشی کر لوں گا لیکن 3 سال میں تاریخ کا سب سے زیادہ قرضہ لیا گیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان نے ہر پاکستانی کو مقروض بنا دیا ہے۔ آج پاکستان کا گروتھ ریٹ افغانستان اور بنگلا دیش سے پیچھے ہے۔ خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق پاکستان میں تاریخی کرپشن ہو رہی ہے لیکن انھیں بی آر ٹی اور بلین ٹری سونامی منصوبوں میں کرپشن پر کوئی نہیں پوچھتا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ناجائز وزیراعظم نے معیشت کو تباہ اور جمہوریت کا جنازہ نکال دیا۔ ہم کب تک ایسے تجربے برداشت کرتے رہیں گے۔ ان کو سینیٹ الیکشن میں اپنی ہار نظر آ رہی ہے۔ انشاء اللہ مارچ میں لانگ مارچ ہوگا۔ ہم سلیکٹڈ، نالائق اور ناجائز وزیراعظم کو نکال کر عوام کی حکومت بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے طاقت کا سرچشمہ عوام کو بنانا ہے۔ ناجائز اور نالائق حکومت کو بھگا کر ایسی عوامی حکومت بنائیں گے جو معاشی اور جمہوری حقوق کا تحفظ کرے گی۔