لاہور: (روزنامہ دنیا) پنجاب اور خیبر پختونخوا میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 4 حلقوں این اے 75 ڈسکہ (سیالکوٹ)، این اے 45 کرم، پی پی 51 گوجرانوالہ اور پی کے 63 نوشہرہ میں ضمنی انتخابات میں ن لیگ نے، وزیر آباد، نوشہرہ کی دو صوبائی سیٹوں پر میدان مار لیا۔ کرم کی جے یو آئی کی قومی اسمبلی کی نشست تحریک انصاف نے جیت لی۔
پی پی 51 میں ن لیگ کی بیگم طلعت شوکت نے کامیابی سمیٹی، یہ سیٹ انکے خاوند شوکت منظور کی وفات سے خالی ہوئی تھی۔ نوشہرہ میں وزیر دفاع پرویزخٹک کے حلقے پی کے 63 میں حکمران جماعت پی ٹی آئی کو ن لیگ کے اختیار ولی کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پی پی 51 وزیرآباد کے تمام 162 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے جن کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی بیگم طلعت شوکت منظور چیمہ 53 ہزار 903 ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں جبکہ حکمران جماعت تحریک انصاف کے چودھری محمد یوسف 48484 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ یہ نشست ن لیگ کے شوکت منظور چیمہ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی جو بیگم طلعت کے خاوند تھے۔
این اے 45 کرم میں جے یو آئی اپنی نشست پر ہار گئی۔ حلقے کے تمام 134 پولنگ سٹیشنوں کے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار ملک فخر زمان 16313 ووٹ لے کر جیت گئے، آزاد امیدوار سید جمال 15145 ووٹ لے کر دوسرے، جے یو آئی (ف) کے امیدوار ملک جمیل خان 12 ہزار سے زائد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ این اے 45 ضلع کرم کی یہ نشست جے یو آئی کے ایم این اے منیر خان اورکزئی کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 63 نوشہرہ کے ضمنی الیکشن کے تمام پولنگ 102 سٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے۔ الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار اختیار ولی 21 ہزار 122 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے میاں عمر کاکا خیل 17 ہزار 23 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔
عام انتخابات 2018 میں تحریک انصاف نے یہ سیٹ 9000 سے زائد ووٹوں کی برتری سے جیتی تھی۔ سیٹ سابق صوبائی وزیر جمشید الدین کاکا خیل کے کورونا کے باعث انتقال پر خالی ہوئی تھی۔ مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر جھومتے رہے۔ اس موقع پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ مریم نواز نے اختیار ولی کو فون کر کے مبارک باد دی۔ نوشہرہ الیکشن جیتنے کے بعد اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا پی ٹی آئی سے نجات مبارک ہو۔