اسلام آباد، لاہور اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا

Published On 23 April,2021 08:49 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد، لاہور اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ بادلوں اور ہواؤں سے درجہ حرارت میں بھی کمی آگئی۔ محکمہ موسمیات نے بادلوں کے مزید برسنے کی پیشگوئی کر دی۔

ملک کے مختلف شہروں میں بادلوں کے ڈیرے، اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں ابر رحمت برسا، قصور، جھنگ، پیر محل، شیخوپورہ میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ صادق آباد، گوجرہ، ظفر وال، صفدر آباد میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

موسم کا حال بتانے والوں نے آج لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں اور اسلام آباد میں مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ خیبرپختونخوا میں ایبٹ آباد، ہری پور اور مانسہرہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔