انتخابی نظام میں شفافیت کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے: فرخ حبیب

Published On 02 May,2021 04:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اطلاعات و نشریات کے وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ انتخابی نظام میں شفافیت یقینی بنانے اور خامیاں دور کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم متعارف کر ا کے انتخابی تحفظات دور کیے جا سکتے ہیں۔ فرخ حبیب نے تمام سیاسی جماعتوں خصوصاً حزب اختلاف کی جماعتوں کو انتخابی اصلاحات متعارف کرانے اور نظام میں شفافیت لانے کیلئے مل بیٹھنے پر زور دیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت 2023ء میں عام انتخابات آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور شفاف انداز میں کرانے کی خواہاں ہے۔

فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت نے انتخابی اصلاحات کیلئے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی ہے اور تمام سیاسی جماعتوں کو کمیٹی کے اجلاس میں شرکت اور اپنی تجاویز پیش کرنی چاہیں۔

ادھر فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت رمضان المبارک کے دوران لوگوں کی سہولت کیلئے روزمرہ کے استعمال کی اشیا پر اربوں روپے کی سبسڈی دے رہی ہے۔ فیصل آباد میں یوٹیلٹی سٹورز کی مختلف شاخوں کے دورے کے دوران وزیر مملکت نے لوگوں کی سہولت کیلئے کیے گئے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا اور اشیائے ضروریہ کے معیار اور قیمتوں کی جانچ پڑتال کی۔

انہوں نے کہا کہ تمام یوٹیلٹی سٹورز کی انتظامیہ کو اشیائے خورونوش کی فروخت میں شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور کسی بھی سٹور پر بد انتظامی یا بد عنوانی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔

 

Advertisement