کورونا کیسز میں اضافے کو کنٹرول کرنے کے لئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ

Published On 09 May,2021 10:07 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا کیسز میں اضافے کو کنٹرول کرنے کے لئے ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے، تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، پارکس اور تفریحی مقامات بند کر دیئے گئے، صرف بنیادی اشیائے ضروریہ کی دکانیں کھلیں گی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کا زور کم نہیں ہو رہا، سندھ میں بھی آج سے سولہ مئی تک مکمل لاک ڈاؤن کر دیا گیا ہے، کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، پارک اور تفریحی مقامات بند کر دیئے گئے، پابندی کا بنیادی اشیائے ضروریہ کی دکانوں پر اطلاق نہیں ہوگا۔

 لاہور میں لاک ڈاون کا آج دوسرا روز ہے، تمام مارکیٹیں، کاروبار، دفاتر اور دکانیں بند رہیں گی۔ مشروبات کے ڈسٹری بیوٹرز، ڈرائی کلینرز اور لانڈری کی دکانیں کھلی رہیں گی۔ اکبری منڈی ، ٹولنٹن مارکیٹ کھلی رہے گی۔ شہر کی چاروں سبزی منڈیوں میں بھی معمول کے مطابق کاروبار جاری ہے۔   پرندوں اور جانوروں کی خوراک مہیا کرنے والی دکانوں کو کھولنے کی اجازت ہے۔

ملک بھر میں کورونا سے بڑھتی ہلاکتوں کے باوجود شہری احتیاط نہیں کر رہے، عوام اپنی غیر سنجیدگی پر بہانے بناتے نظر آ رہے ہیں۔ جان لیوا وبا گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 118 افراد کی جانیں نگل گئی جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہزار 915 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 3 ہزار 785 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔ متاثرہ افراد کی تعداد 8 لاکھ 58 ہزار 26 تک جا پہنچی، ایکٹو کیسز کی تعداد 81 ہزار 830 ہو گئی ہے جبکہ 4 ہزار 903 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
 

Advertisement