لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینے کے بعد ڈی جی ایف آئی اے، سیکرٹری داخلہ اور حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو عدالتی فیصلہ کے باوجود حکومت کی جانب سے بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینے کے معاملے کے بعد قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نے ڈی جی ایف آئی اے، سیکرٹری داخلہ اور وفاقی حکومت کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کی منظوری دیدی۔
شہباز شریف نے سینیٹر اور قانونی ماہر اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز سے مشاورت مکمل کرلی، شہباز کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست 17مئی کو لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی جائے گی۔
یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے شہباز شریف کو 8ہفتوں کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔