اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے عید کی تعطیل کے دن کابینہ کی سرکولیشن سمری کے ذریعے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید اور چھٹی والے دن بھی شہباز شریف عمران صاحب کے اعصاب پہ طاری ہیں اس پردعا ہی کی جا سکتی ہے ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب کو عید والے دن غریب، بے روز گار عوام کی فکر نہیں دفتر کھلوا کہ شہباز شریف کو ای سی ایل پہ ڈالا گیا عدالت نے شہباز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی ہے اور عمران صاحب جان بوجھ کر توہین عدالت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدالت کا حکم ماننے سے دانستہ انکار عدالت کی توہین ہی نہیں، عدلیہ کے ادارے پر حملہ ہے۔ شہباز شریف بڑی خوشیوں سے عوام، اپنے بچوں اور اہلِ خانہ کے ساتھ عید منا رہے ہیں، آپ کے اِس بغض ، حسد اور خوف کی کیفیت دیکھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا ہی کی جا سکتی ہے
لیگی ترجمان نے کہا کہ دوست ممالک سرمایہ کاری نہیں بلکہ فطرانہ، زکوة ، خیرات اور چاولوں کی بوریاں دے رہے ہیں تو اِس میں شہباز شریف کا کیا قصور ہے۔ عمران صاحب کو عید کے چھٹی والے دن عوام کے مہنگے آٹا چینی بجلی گیس دوائی کی فکر نہیں صرف شہباز شریف کو ای سی ایل پہ ڈالنے کی ہدایت جاری کی عمران صاحب نے عید کی چھٹی والے دن آٹا ، چینی ، بجلی ، گیس ، دوائی سستی کرنے کی ہدایت نہیں دی، صرف شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیا۔