باغ: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ حکومت فلسطین اور کشمیر کی آزادی کے لیے آخری حد تک جائے گی۔ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بم باری عالمی امن کے ٹھیکیداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ باغ کے دوران ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے پانچ اگست کے بھارتی اقدامات واپس لینے تک بھارت سے ہر قسم کی تجارت بند کر کے کشمیری مسلمانوں کے حوصلے بلند کیے ہیں۔ پوری امت مسلمہ کو چاہیے کہ فلسطین اور کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے عالمی سطح پر آواز بلند کریں اور اسرائیل اور بھارت کے مکرو چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں۔
فلسطین پر بمباری بند کرانے کے لیے عمران خان نے وزیر خارجہ کو بغیر وقت ضائع کیے عالمی دنیا کے پاس بھیجا پاکستان اس وقت پوری دنیا میں فلسطین کا سفیر بن کر کام کر رہا ہے ، وقت کی ضرورت ہے کہ مسلمان ممالک کھل کر فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی آواز بن کر اسرائیل اور بھارت کے ساتھ تجارتی اور سفارتی بائیکاٹ کا اعلان کریں۔
اگر اسرائیل اور بھارت کو بربریت سے نہ روکا گیا تو یہ تمام مسلمان ممالک کے لیے خطرے کی گھنٹی بن سکتے ہیں۔