راولپنڈی: (دنیا نیوز) چئیر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اردن کا دورہ کیا، اپنے ہم منصب سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی ،سیکیورٹی دفاعی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آرکے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اردن کا دورہ کیا، جہاں جنرل ندیم رضا کی اپنے اردن کے ہم منصب میجر جنرل یوسف احمد سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی، سیکیورٹی، دفاعی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں دونوں جانب سے باہمی تعاون، تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا کہ پاکستان اردن کے ساتھ باہمی فوجی تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
اردن کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی میجر جنرل یوسف احمد نے مسلح افواج کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کا اعتراف کیا۔
بعدازاں جنرل ندیم رضا کو تقریب میں اردن کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز "آرڈر آف ملٹری میرٹ آف فرسٹ گریڈ "سے نوازا گیا۔
جنرل ندیم رضا نے شاہ عبداللہ دوئم سپیشل آپریشنز ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں جاری انسداد دہشت گردی کی خصوصی مشقوں کا مشاہدہ کیا