اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے داسو ڈیم کا دورہ کر کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ وزیر مملکت فرخ حبیب کہتے ہیں کورونا کے باوجود داسو ہائیڈرو پراجیکٹ پر کام جاری رہا، 2025میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔
داسو ہائیڈروپراجیکٹ، اپر کوہستان میں دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ منصوبہ دو مراحل میں مکمل ہو گا، ہر مرحلے کی تعمیر مکمل ہونے پر 2160 میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی۔ پہلے مرحلے سے اپریل 2025 میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ داسو ڈیم کی مجموعی بجلی کی پیداواری صلاحیت 4320 میگاواٹ ہے۔
داسو ڈیم کے پہلے مرحلے کی لاگت 511 ارب روپے ہے جس میں 80 فیصد واپڈا اور 20 فیصد ورلڈ بینک مہیا کر رہا ہے۔ وزیرمملکت فرخ حبیب کا اپنے ٹویٹ میں کہنا ہے کہ داسو ڈیم کے لئے زمین کی خریداری کام مکمل ہو چکا، کورونا کے باوجود ڈیم کی 10سائٹس پر کام جاری رہا، پہلے مرحلے سے اپریل 2025 میں بجلی کی پیداوار شروع ہو جائے گی۔ داسو پراجیکٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل گرڈ کو ہر سال 12 ارب یونٹ سستی اور ماحول دوست بجلی مہیا کرے گا۔
داسوپراجیکٹ کی بدولت ملازمت کے 8000 مواقع پیدا ہو رہے ہیں، مقامی لوگوں کی ترقی کے لئے پراجیکٹ ایریا میں اعتماد سازی کے اقدامات کے تحت 17 ارب 34 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔