سستی سبزی بیچنے پر دکاندار کیخلاف مقدمہ ، مجسٹریٹ سے اختیارات واپس، جواب طلب

Published On 29 June,2021 06:10 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) سبزی فروش کے خلاف غلط استغاثہ بھرنے پر ڈی سی لاہور نے مجسٹریٹ سے اختیارات واپس لے لیے ہیں۔ ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک نے کاشف بشیر سے اختیارات واپس لینے کا لیٹر خود دستخط کر کے جاری کیا۔

سوشل میڈیا پر اس واقعہ کو زیر بحث لایا جا رہا تھا۔ علاوہ ازیں کاشف بشیر سے جواب طلبی بھی کر لی گئی ہے۔ ڈی سی لاہورکا کہنا تھا کہ مجسٹریٹ کو کسی بھی قسم کی پرائس کنٹرول چیکنگ سے روک دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ یہ انوکھا واقعہ رائیونڈ میں پیش آیا تھا جہاں مسجٹریٹ نے سستی سبزی فروخت کرنے پر دکاندار کیخؒاف مقدمہ درج کرا کے اسے گرفتار کرا دیا تھا۔

درج مقدمے کے متن میں کہا گیا تھا کہ سبزی فروش سرکاری ریٹ لسٹ سے کم قیمت پر سبزی فروخت کر رہا تھا۔ اس پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی مدعیت میں اس کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

مقدمے کے متن میں لکھا گیا تھا کہ مذکورہ سبزی فروش بھنڈی، ٹماٹر و دیگر سبزیاں سرکاری نرخ نامے سے کم پر فروخت کر رہا تھا جبکہ ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں نہیں کی ہوئی تھی۔

مقدمے کے متن میں لکھا گیا تھا کہ بھنڈی 95 روپے کے بجائے 73 روپے، ٹماٹر 50 روپے کے بجائے 25 روپے، بینگن 60 روپے کے بجائے 52 روپے، کریلے 90 روپے کے بجائے 52 روپے اور پیاز 40 روپے کے بجائے 33 روپے فی کلو پر فروخت کیا جا رہا تھا۔

دوسری جانب اس بارے میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ دوران چیکنگ سبزی فروش کے پاس ریٹ لسٹ موجود نہیں تھی۔
 

Advertisement