راوی سٹی منصوبے کا مقصد زیر زمین پانی کی آلودگی سے نمٹنا ہے، ڈاکٹر شہباز گل

Published On 01 July,2021 07:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سیاسی رابطوں کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی مشیر شہباز گل نے کہا ہے کہ راوی سٹی منصوبے کا مقصد ماحول کو محفوظ کرنا، زیر زمین پانی کی آلودگی سے نمٹنا اور دریائے راوی کو نئی زندگی دینا ہے۔

جمعرات کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ راوی سٹی پراجیکٹ ایک لاکھ دو ہزار ایکڑ زمین پر محیط ہے اور اس میں پانی صاف کرنے کے سات پلانٹ نصب کئے جائیںگے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے میں نالج سٹی کا قیام بھی شامل ہے جس میں گیارہ یونیورسٹیوں نے اپنے کیمپس کھولنے کیلئے دلچسپی کا اظہارکیا ہے جس میں آٹھ مقامی اور تین باہر کے تعلیمی ادارے شامل ہیں۔

شہباز گل نے کہا کہ منصوبے کو بغیر قرضہ لئے ملکی ذرائع کے ذریعے مکمل کیا جائے گا اور یہ استحکام کی بہترین مثال ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ راوی سٹی پراجیکٹ ملک کا پہلا گرین سٹی منصوبہ ہے۔