پختونخوا حکومت کا بجٹ میں مختص فنڈ خرچ نہ کرنیوالے محکموں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ

Published On 12 July,2021 11:54 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں سالانہ بجٹ میں کثیر فنڈ مختص کرنے کے باوجود خرچ نہ کرنے والے محکموں سے سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ متعلقہ محکموں سے فنڈ واپس لینے سمیت پوچھ گچھ بھی کی جائیگی۔ شہریوں نے بھی مختص فنڈز خرچ نہ کرنے والے محکموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

صوبائی حکومت کی جانب سے سالانہ بجٹ میں محکموں کے لیے فنڈز تو جاری کئے جاتے ہیں لیکن بیشتر محکمے ان کو خرچ کرنے میں سست روی کا مظاہرہ کرتے ہیں جس کی وجہ سے جہاں سرکاری امور متاثر ہوتے ہیں تو وہیں عوام کو بھی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے مختص فنڈز خرچ نہ کرنے سے مسائل بڑھ جاتے ہیں۔

حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں رقم جاری کرنے کے باوجود خرچ نہ کرنے والے محکموں سے تمام فنڈز واپس لیے جائینگے۔ فنڈز خرچ نہ کرنے والے محکموں کی نشاندہی کے بعد کارروائی کی جائیگی۔

خیبر پختونخوا کے گزشتہ مالی سال میں بھی 317 ارب روپے میں صرف 118 ارب سے زائد خرچ ہوسکے تھے جبکہ بندوبستی اضلاع سمیت قبائلی اضلاع میں بھی متعدد محکمے ایک پائی بھی خرچ نہیں کرسکے۔ فنڈز خرچ نہ کرنے والے محکموں کی وجہ سے صوبائی حکومت کو ہر سال ضمنی بجٹ میں اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔