علامہ طاہر محمود اشرفی کی عید کے موقع پر تمام افغان گروپوں سے امن کی اپیل

Published On 19 July,2021 05:08 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان علما کونسل کے مرکزی چیئرمین علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر ہم افغانستان کے تمام گروپوں سے امن مصالحت اور مذاکرات کی اپیل کرتے ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں امن وامان کے قیام کیلئے وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر ہر سطح پر کوششیں شروع ہیں۔ عید کے بعد ملک بھر کا دورہ کر رہے ہیں۔ متحدہ علما بورڈ کے اراکین وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے تعاون سے صوبہ بھر کا دورہ کریں گے اور پیغام پاکستان کے ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل کروایا جائے گا۔

اس موقع پر ملک بھر کے علما و مشائخ نے عوام سے عید الاضحیٰ کے دوران کورونا کی وبا کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے، صفائی کا خیال رکھنے اور مستحقین، فقرا، مساکین، غربا کو عید کی خوشیوں میں شریک کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کی وبا کی چوتھی لہر کی وجہ سے مریضوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ عید الاضحیٰ کے موقع پر احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کریں۔

علمائے کرام نے کہا کہ کوشش کریں کہ شاپنگ مالز، عوامی مقامات پر ماسک پہن کر جائیں اور مساجد میں وضو گھر سے کرکے اور اپنی جائے نماز ساتھ لے کر لائیں۔ مساجد انتظامیہ کی طرف سے دی گئی ہدایات پر مکمل عمل کریں۔
 

Advertisement