مینار پاکستان کیس: وزیراعظم کا بروقت پولیس رسپانس نہ ہونے پر اظہار ناراضی

Published On 25 August,2021 04:33 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے مینار پاکستان میں خاتون کیساتھ بدسلوکی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے بروقت پولیس رسپانس نہ ہونے پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو ہدایت دی ہے کہ ایسے واقعات کے سدباب کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔

تفصیل کے مطابق دورہ لاہور کے دوران وزیراعظم عمران خان سے چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک اور آئی جی پنجاب انعام غنی نے ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار بھی موجود تھے۔

ملاقات میں صوبہ میں امن وامان کی مجموعی صورتحال کے علاوہ قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی، مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کیلئے انتظامیہ کے اقدامات پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان کو صوبہ بھر میں خواتین کے تحفظ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے ایسے واقعات کی روک تھام اور خواتین کے تحفظ کیلئے فوری اور سخت اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملزمان کے خلاف فوری کارروائی کرکے سخت سے سخت سزا یقینی بنائی جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کرنے کے لئے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔
 

Advertisement