لاہور: (دنیا نیوز) 14 اگست کو مینار پاکستان میں ناخوشگوار واقعے میں پولیس کو ذمہ دار قرار دیدیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب کی طرف سے قائم کی گئی خصوصی انکوائری کمیٹی نے تفصیلی رپورٹ ارسال کر دی ہے۔ یوم آزادی پر لاہور میں سکیورٹی کا جامع پلان تشکیل دیا گیا تھا، مینار پاکستان کو سکیورٹی کے لحاظ سے ہاٹ سپاٹ میں شامل کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق یوم آزادی پر پارک میں پلان کے مطابق سکیورٹی تعینات نہیں تھی، ایس پی سٹی حسن جہانگیر نے اہم پوائنٹس پر ناقص سکیورٹی انتظامات نظر انداز کیے، ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی، ایس ایس پی آپریشنز ندیم عباس بھی لا علم رہے، سی سی پی او بھی فلیگ مارچ اور دفتری میٹنگز کو ترجیح دیتے رہے۔
رپورٹ کے مطابق غلام محمود ڈوگر کارروائیوں میں سب اچھا کی رپورٹ سے مطمئن رہے، ون فائیو پر کی گئی متعدد کالز کے باوجود پولیس موقع پر تاخیر سے پہنچی۔
یاد رہے کہ آئی جی پنجاب انعام غنی نے واقعہ کی انکوائری کیلئے 3 رکنی ٹیم تشکیل دی تھی کمیٹی کے 3 سینئر پولیس افسران کو حتمی رپورٹ پیش کرنیکی ہدایت کی گئی تھی ۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال نے کہا کہ مینار پاکستان واقعہ میں ملوث 130 کے قریب لوگ گرفتار ہو چکے ہیں، شناخت پریڈ کے بعد چالان کریں گے۔